Ĉefpaĝo | Home

بین الاقوامی زبان ایسپرانتو کی تحریک کا پراگ میں جاری کردہ منشور

ترجمہ:سیّد مزمل الدین ،اسسٹنٹ پروفیسر اِن بزنس مینجمنٹ

Lasta ŝanĝo: 2010-02-07


ایسپرانتو کی ترقی چاہنے والے ہم لوگ یہ منشور سبھی حکومتوں بین الاقوامی اداروں اور بہی خواہوں کے نام دے رہے ہیں،یہاں دیے گئے مقاصد کی جانب اپنے غیر مضمحل عزم سے کام کرنے کا اعلان کرتے ہیں اور سبھی اداروں اور افراد سے ہماری کوششوں میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہیں۔۔

ایسپرانتو جس کا آغاز1887 میں بین الاقوامی مواصلات کے لئے ایک معاون زبان کے طور پر ہوا تھا،اور جو بہت جلد ہی ایک جیتی جاگتی زبان بن گئی،اور پچھلی ایک صدی سے لوگوں کواور تہذیب کی دیواروں کو پار کرنے کا کام کر رہی ہے۔جن مقاصد سے ایسپرانتو گو متاثر ہوئے تھے ،وہ آج بھی اُتنے ہی اہم اور موزوں ہیں۔نہ دُنیا بھر میں قومی زبانوں کا استعمال نہ مواصلاتی تکنیکوںکی ترقی اور نہ ہی زباندانی کے نئے طور طریقے مؤثر لسانی نظام کے لیے ،نہ حسب ذیل اصول پر اثر انگیز ہوئے ہیں، جنہیں ہم ناگزیر سمجھتے ہیں۔

جمہوریت: ایسا مواصلاتی نظام جو کسی ایک طبقے کو خاص فائدہ پہنچائے اور دیگر طبقوں سے یہ چاہے کہ وہ معمولی صلاحیت کے لیے سالوں محنت کریں بنیادی طور پر غیر جمہوری ہے۔حالانکہ ایسپرانتو اور زبانوں کی طرح اپنے آپ میں مکمل نہیں ہے،تاہم عالمی مساوات پر مبنی مواصلات کے معاملے میں ایسپرانتو دیگر زبانوں سے کہیں آگے ہ

ہمارا ایقان ہے کہ لسانی عدم مساوات ہر سطح پر عدم مساوات بڑھاتی ہے حتّی کہ بین الاقوامی سطح تک یہی حال ہے۔ہماری تحریک جمہوری مواصلات کی حمایت کرتی ہے

عالمی خواندگی: ہر قومی زبان کسی ملک یا تہذیب کی آئینہ دار ہوتی ہے۔مثلاً انگریزی زبان کا طالب علم انگریزی دان ممالک،بالخصوص امریکہ اور برطانیہ کے بارے میں پڑھتا ہے۔ایسپرانتو کا طالب علم ایک ایسی دُنیا کے بارے میں سیکھتا ہے جو جغرافیائی حدود سے آزاد ہے،جہاں ہر وطن اس کا گھر ہے ۔

ہمارا ایقان ہے کہ لسانی تعلیم کسی نظرئے کی آئینہ دار ہوتی ہے۔ہماری تحریک عالمی تعلیم کی علمبردار ہے

مؤثر تعلیم: بیرونی زبان کے طلبہ میں کُچھ ہی فی صد مہارت حاصل کر پاتے ہیں۔ایسپرانتو کی تعلیم گھر بیٹھ کر بھی ممکن ہے۔تحقیق سے پتہ چلا ہے کہ ایسپرانتو کی تعلیم سے بیرونی زبانوں پر عبور آسان ہو جاتا ہے۔یہ بھی سفارش کی گئی ہے کہ زباندانی کے نصابوں میں ایسپرونتو کو ایک خاص جگہ دینا چاہئے۔

ہمارا ایقان ہے کہ قومی زبانیں ہمیشہ ہی اُن طلبہ کے لیے دُشوار بنیں گی جو ایک دوسری زبان دے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔ہماری تحریک مؤثر زباندانی کی حمایت کرتی ہے

ہمہ لسانیت: ایسپرانتو گو طبقہ اُن گنے چنے طبقوں میں سے ایک ہے جن کے ارکان دُنیا بھر میں دو یا اس سے زیادہ زبانیں جانتے ہیں۔ہر رکن نے کوشش کہ ہے کہ کم سے کم ایک بیرونی زبان کو مواصلات کی سطح تک سیکھے۔

ہمارا ایقان ہے کہ ہر انسان چاہے وہ محدود بالعلاقہ زبان بولے یا پھر کثیر الااقوام زبان بولے،اُسے ایک اور زبان اعلیٰ سطح تک سیکھنے کا اختیار ہونا چاہئے۔ہماری تحریک ایسے مواقع فراہم کرنے کی حمایت کرتی ہ

لسانی حقوق: زبانوں کے زور کی غیر مساوی تقسیم دُنیا کے زیادہ تر لوگوں میں عدم تحفظ پیدا کرتی ہے یا پھر عدم یکسانیت کھلے عام استحصال کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ایسپرانتو طبقے کا ہر رُکن چاہے وہ زور آور زبان کا گویا ہو یا کم تر گُفتہ کا،ایک ہی سطح پر دوسرے سے مِلتا ہے،سمجھوتا کرنے پر تیار ہے۔لسانی حقوق اور ذمہ داریوں کا یہ توازن ایک کسوٹی فراہم کرتا ہے جس سے لسانی اختلافات اور جدوجہد حل ہو سکے۔

ہمارا ایقان ہے کہ زبان کی زور آوری کا وسیع فرق بین الااقوامی معاہدات میں شامل مساوی سلوک '' بلا لحاظ زبان'' تیّقنات کی نفی کرتا ہے۔ہماری تحریک لسانی حقوق کی حمایت کرتی ہے

زبانوں کی کثرت: حکومتیں زبانوں کی کثرت کو مواصلا ت کی ترقی کے راستے میں رکاوٹ مانتی ہیں۔مگر ایسپرانتو طبقہ ہمہ لسانیت کو مستقل اور ناگزیر افزائشِ علم کا ذریعہ سمجھتا ہے۔لہذا ہر ذی حیات کی طرح ہر زبان موروثی طور پر قابلِ قدر اور امداد و حمایت کی مستحق ہے۔

ہمارا ایقان ہے کہ ایسی مواصلات اور حکمتِ عملی جو ہر زبان کی عزت اور مدد پر مبنی نہ ہو وہ دُنیا کی بیشتر زبانوں کی موت کی طرح ہو گی۔ہماری تحریک زبانوں کی کثرت کی حمایت کرتی ہے

انسانی رفعت: ہر زبان اپنے گویاؤں کو آزادی دیتی ہے اور پابند بھی بناتی ہے کہ وہ آپس میں تو ربط کر سکتے ہیں مگر دوسروں سے ربط نہیں کر سکتے۔عالمگیر سطح پر سریع الحصول رابطے کے ذریعے کے طور پر تیار کردہ ایسپرانتو زبان کا مقصد یہ ہے کہ ہر انفرادی شہری تمام انسانی معاملوں کا حصّہ بنے جبکہ وہ اپنے مقامی یا لسانی دائرے سے جڑا رہے مگر اس وجہ سے اُس کا دائرہ محدود نہ ہو۔

ہمارا ایقان ہے کہ خالصتاً قومی زبانوں پر انحصار لازماً کئی رُکاوٹیں آزادیِ اظہار ِخیال،رابطہ اور وابستگی کے راستے میں کھڑی کرتا ہے۔ہماری تحریک انسانی رفعت کی علمبردار ہے

پراگ، جولائی1996

Manifesto de Prago pri la internacia lingvo Esperanto
Urduigita de s-ro Syed Muzammiluddin (mba_hyd@rediffmail.com), Hajderabado, Barato
Unikodigita kaj reviziita de s-ro Muhammad Zubair (muhammadzubair1974@gmail.com), Lahoro, Pakistano



Ĉefpaĝo | Home